ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / انجلینا جولی نے طلاق مانگ لی، بریڈ پٹ غم زدہ

انجلینا جولی نے طلاق مانگ لی، بریڈ پٹ غم زدہ

Wed, 21 Sep 2016 16:38:14  SO Admin   S.O. News Service

لاس اینجلس، 21؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ہالی وڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے شادی کے 12سال بعد اپنے شوہر بریڈ پٹ سے علاحدگی کا مطالبہ کردیا ہے۔ دوسری جانب پٹ نے جولی کے مطالبے پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے لیے بچوں کی نگہداشت اور پرورش اہم ہے۔ٹی ایم زی ویب سائٹ کے مطابق انجلینا جولی نے لاس اینجلس کی ایک عدالت میں درخواست دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ اس کے شوہر بریڈ پٹ سے علاحدگی کرادیں۔ نیز عدالت بچے اس (ماں) کے پاس رکھنے کی اجازت دے البتہ بچوں اور اس کے نان نفقہ کی ذمہ داری پٹ کی ہو۔ پٹ بچوں سے ملنے اس کے گھر میں آسکتے ہیں۔خیال رہے کہ انجلینا جولی اور اس کے شوہر بریڈ پٹ نے 2005 میں مسٹر اینڈ مسز اسمتھ نامی ایک فلم میں اکٹھے کام کیا تھا۔ اس فلم نے دونوں کو عملی زندگی ایک ساتھ گذارنے پر مائل کیا۔ پٹ نے 2000 میں کی گئی شادی میں اپنی بیوی جنیفر انسٹون کو طلاق دے دی۔ اس وقت انجلینا جولی کے چھ بچے ہیں۔ ان میں سے تین بچے 2014 میں اس نے ایشیائی ملکوں اور ایتپھوپیا سے گود لیے تھے جب کہ تین اس کے بطن سے ہیں۔انجلینا جولی اور بریڈ پِٹ کی جوڑی کو ، جسے ان کے مداح پیار سے برینجلینا بھی کہتے ہیں،ان کو ہالی وڈ کی مشہور ترین جوڑی سمجھا جاتا ہے۔ان دونوں کی پہلی ملاقات 2005میں ریلیز ہونے والی فلم مسٹر اینڈ مسز سمتھ کے سیٹ پر ہوئی تھی اور اس کے بعد دونوں اکھٹا رہنے لگ گئے تھے۔انجلینا جولی ماضی کے اداکار جون ہوٹ کی بیٹی ہیں اور انھیں جن فلموں کی وجہ سے بہت شہرت ملی ان میں دا بون کلیکٹر، گرل اور انٹرپٹِڈ شامل ہیں۔انجلینا جولی کے وکیل نے تصدیق کی ہے کہ ان کی موکلہ نے عدالت میں اپنے شوہر سے طلاق کے لیے درخواست دے دی ہے۔وکیل کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان کچھ عرصے سے اختلافات چل رہے تھے۔ طلاق کا فیصلہ خاندان کے مفاد میں کیا جا رہا ہے۔ادھر جولی کے شوہر بریڈ پٹ کا کہنا ہے کہ طلاق کا مطالبہ صدمے کا باعث ہے مگر ان کے لیے بچوں کی پرورش زیادہ اہم ہے۔


Share: